بنگلورو،11؍اگست(ایس او نیوز)ریاست کرناٹک کے نومنتخب وزیراعلیٰ بسواراج بومئی کی ہدایت پرریاستی چیف سکریٹری نے آج ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آج سے کسی بھی سرکاری تقاریب میں پھول ہار،گلدستہ،پھلوں شال پوشی جیسی تمام تہنیتی ریت ورواجوں پرروک لگادی گئی ہے۔اس سے پہلے دن وزیراعلیٰ جنہوں نے سینئر پولیس عہدیداروں کی میٹنگ کی صدارت کی تھی، نے پھولوں کا گلدستہ قبول کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ پروٹوکول کے نام پر مالا، شال اور گلدستے دینے کا رواج ختم کیا جانا چاہیے۔ غیر ضروری اخراجات کی کوئی ضروت نہیں ہے۔سرکاری اجلاس میں تقریب کی ریت ورواج سے متعلق ایک حکمنامہ جاری کرتے ہوئے ریاستی حکومت اورسرکاری ماتحت کے تمام محکمے اوراداروں میں منعقدہونے والے پروگراموں میں پھل پھول ہار،گلدستہ،شال پوشی اوریادگاری اشیاء کے ذریعہ تہنیت پیشی جیسے کام نہ کئے جائیں۔ یہ سب ریت ورواج بے فائدہ ہیں۔اگرکوئی چیزبطورتحفہ دیناہی ہے تو کنڑاکتابیں دی جائیں۔اس حکمنامہ کوسختی کے ساتھ بروئے کارلانے کی تاکیدکی بھی کی گئی ہے۔ریاستی حکومت کے چیف سکریٹری روی کمارکواس سلسلہ میں سرکاری محکموں اورحکومت کے ماتحت چلنے والے اداروں کے افسروں کوحکمنامہ جاری کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔یہ حکمنامہ جاری ہونے کے بعد سیاسی گلیاروں میں یہ کہاجارہاہے کہ 1983ء کے انتخابات میں جیت درج کرتے ہوئے برسراقتدارآنے والے جنتاپارٹی کے رام کرشناہیگڈے کی زیرقیادت حکومت نے بھی اسی قسم کاحکمنامہ جاری کیاتھا۔جس کی کئی وجوہات بھی تھیں۔ان سے پہلے کی حکومت میں وزیراعلیٰ رہے گنڈوراؤ کوسرکاری اجلاس اور تقاریب میں چاندی کاتاج ودیگرقیمتی اشیاء بطورتحفہ پیش کی جاتی تھیں،گنڈوراؤ کی تہنیت کے بعد ان کی تصاویراخبارات کی سرخیاں بن جاتی تھیں،جس کے خلاف عوام میں مختلف قسم کے تبصرے کئے جاتے تھے۔جب رام کرشناہیگڈے وزیراعلیٰ بنے توانہوں اس قسم کی تہنیتی ریت پرپابندی عائدکردی۔رام کرشنا کے اصولوں وخیالات سے متاثراوران کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ایس آربومئی نے بھی پھل پھول ہار،شال پوشی ودیگرتہنیتی طریقوں پرپابندی عائدکی تھی۔ایس آربومئی کے فرزندبسواراج بومئی نے اپنے اقتدارکے آغازمیں ہی عوامی نمائندوں اورسرکاری کارندوں پر تحفہ جات قبول نہ کرنے کا حکمنامہ جاری کروایاہے۔یادرہے کہ ایک زمانہ میں اپنی سادگی سے پہچان بنانے والی جنتاپارٹی سے آنے والے بسواراج بومئی آج بھی اسی سادگی مزاج کواپنی شناخت بنائے ہوئے ہیں۔بسوراج بومئی کی کابینہ میں قلمدان حاصل کرنے والے وزراء مختلف تہنیتی تقاریب میں شرکت کرتے ہوئے تحفے حاصل کرنے لگے تھے،اس قسم کے پروگراموں میں عوام بھی کثیرتعدادمیں شریک ہورہے تھے،کووڈضابطہ کے تحت عوام اس طرح یکجانہیں ہوسکتے ان تمام امورکے پیش نظرتہنیت وصول کرنے سے روکنے کاحکنامہ جاری کیاگیاہے۔